عراق میں 900 آئی ایس دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ

   

شام میں گرفتاری اور حوالگی کے بعد کارروائی کا آغاز ۔ مزید حوالگیوں کا بھی امکان
بغداد 14 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) عراق نے تقریبا 900 افراد کے خلاف مقدمہ کا آغاز کیا ہے جن کے تعلق سے شبہ ہے کہ وہ عسکری گروپ آئی ایس کے عراقی ارکان ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہ آئی ایس کے فرار ہوتے ہوئے ارکان کو عراق اور پڑوسی شام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ عدالتی ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ ان کارکنوں کو امریکی تائید والی شامی جمہوری افواج نے عراقی حکام کے حوالے کردیا ہے ۔ شامی جمہوری افواج نے آئی ایس کو شام کے شمالی علاقوں سے نکال باہر کیا ہے جن میں عراق کی سرحد سے ملنے والا علاقہ بھی شامل ہے ۔ عدالت کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ہم کو کم از کم 900 عراقی آئی ایس ارکان کی تفتیش اور پوچھ تاچھ کی فائیلیں دستیاب ہوئی ہیں۔ یہ فائیلیں شام سے آئی ہیں۔ عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خصوصی دہشت گردی عدالت نے ان ارکان کے خلاف مقدمات کی سماعت کیلئے تواریخ کے تعین کا آغاز کردیا ہے ۔ اضافی عراقی مشتبہ افراد بھی ایس ڈی ایف کی تحویل میں ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ ان ارکان کو بھی جلدی ہی شامی حکام کی جانب سے عراق کے حوالے رکدیا جائیگا ۔ عہدیدار نے بتایا کہ ان افراد کو بھی شامی ۔ عراقی سرحد پر الگ الگ گروہوں میں بانٹ کر عراقی حکام کے حوالے کیا جائیگا ۔ عہدیدار کے بموجب ان میں بااثر قائدین بھی شامل ہیں تاہم آئی ایس نے انہیں روپوش رکھا تھا ۔