عراق نے سعودی عرب کو پیچھے چھوڑ دیا ۔ روس سر فہرست

,

   

ہندوستان کو خام تیل کی سربراہی

حیدرآباد۔29۔نومبر(سیاست نیوز) ہندوستان کو خام تیل سربراہ کرنے والے ممالک میں عراق نے سعودی عرب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یکم تا 26 نومبر ہندوستان نے جملہ یومیہ 50لاکھ 40ہزار بیرل درآمد کئے ہیں۔ ماہ اکٹوبر کے مقابلہ میں اگر عراقی خام تیل کی ہندستان کو درآمدات کا جائزہ لیا جائے تو ماہ نومبر میں عراق سے سربراہی دوگنی ہوچکی ہے لیکن روس اب بھی سب سے زیادہ خام تیل سربراہ کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔عراق ماہ نومبر میں ہندوستان کو خام تیل سربراہ کرنے والے ممالک میں سعودی عرب کو پیچھے چھوڑکر دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے جبکہ سعودی عرب تیسرے نمبر پر پہنچ چکا ہے۔ ہندوستان کو خام کی تیل کی سربراہی کا جائزہ لینے پر اس بات کی نشاندہی ہوئی ہے کہ یکم نومبر تا 26 نومبر روس سے ہندوستان نے جملہ 17لاکھ 50 ہزار بیارل یومیہ خام تیل درآمد کیا ہے جبکہ عراق سے یومیہ 8لاکھ20ہزار بیارل یومیہ خام تیل کی درآمدات یقینی بنائی گئی اسی طرح سعودی عرب کے ذریعہ 7لاکھ30 ہزاربیارل تیل ہندوستان پہونچا ۔ عراق سے ماہ اکٹوبر میں یومیہ 4لاکھ20ہزار بیارل یومیہ خام تیل کی سربراہی تھی جب بڑھ کر اب دوگنی ہوچکی ہے۔ ہندوستان نے جملہ یکم نومبر تا 26 نومبر یومیہ 50لاکھ40 ہزار بیارل خام تیل درآمد کیا جبکہ گذشتہ ماہ اکٹوبر میںیہ مقدار 56لاکھ30ہزار بیارل یومیہ تھی ۔بتایا گیا کہ ہندوستان کو حاصل ہونے والی جملہ خام تیل کی سربراہی کا 41 فیصد حصہ مذکورہ تین ممالک روس‘ عراق اور سعودی عرب سے آرہا ہے جبکہ مابقی ضرورتیں دیگر ممالک پوری کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق روس ‘ہندوستان کو خام تیل سربراہ کرنے والے ممالک کی فہرست میں اب بھی نمبر ایک پر ہے کیونکہ جاریہ ماہ روس سے درآمد خام تیل کے متعلق موجود تفصیلات میں کہاگیا ہے کہ ماہ نومبر میں روس سے یومیہ 17لاکھ50ہزار بیارل خام تیل درآمد کیا جا رہاہے جبکہ گذشتہ ماہ روس سے 20لاکھ50ہزار بیارل خام تیل سربراہ کیا جا رہا تھا لیکن نومبر کے آغاز سے مجموعی اعتبار سے 3لاکھ بیارل کی کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے اس کے باوجود بھی روس عراق و سعودعرب کے مقابلہ سب سے زیادہ خام تیل ہندوستان کو سربراہ کر رہا ہے۔3