عرس شریف حضرت خواجہ بندہ نواز گیسودرازؒ کا انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ انعقاد

   

وزیر حج و بلدی نظم و نسق محمد رحیم خاں کے ہاتھوں افتتاح ، حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( راست ) : خواجہ دکن حضرت خواجہ بندہ نواز گیسودراز ؒ کے 619 ویں عرس کی سہ روزہ تقاریب 15 ، 16 اور 17 ذی قعدہ مطابق 5 ، 6 ، 7 جون کو گلبرگہ شریف میں بصد عقیدت و احترام منائی گئیں ۔ عرس شریف کا آغاز 4 جون اتوار کو خواجہ بازار کے افتتاح سے ہوا ۔ کرناٹک کے وزیر حج و بلدی نظم و نسق محمد رحیم خاں نے خواجہ بازار کا افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر حضرت الحاج ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی سجادہ نشین درگاہ خواجہ بندہ نواز نے زائرین و مقامی عقیدت مندوں سے مخاطب کیا اور صنعتی نمائش میں آنے والوں کا خیر مقدم کیا ۔ حضرت سجادہ نشین نے حضرت خوجہ بندہ نوازؒ کی سوانح پر روشنی ڈالی اور آپ کی علمی ، روحانی اور تبلیغی خدمات بیان فرمائیں ۔ حسب عملدرآمد قدیم 15 ذی قعدہ 5 جون تاریخی محبوب گلشن میں نماز عصر ادا کی گئی ۔ بعد عصر محفل سماع کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ حیدرآباد سے آئے ہوئے قوالوں نے نعتیہ ، منقبتی اور عارفانہ کلام پیش کیا ۔ بعد محفل سماع سجادہ نشین حضرت سید شاہ خسرو حسینی نے سمر ہاؤس پہونچ کر صندل کی کشتیاں سر پر اٹھا کر جلوس صندل کو روانہ کیا ۔ 6-30 بجے شام جلوس صندل روانہ ہوا ۔ جلوس صندل کی روانگی کے موقع پر سجادگان ، مشائخین عظام ، علماء کرام ، کے علاوہ عقیدت مندوں کی اور زائرین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ بلا لحاظ مذہب و ملت ہزاروں زائرین شریک رہے ۔ جلوس صندل مختلف مقامات سے گذرتا ہوا 10-30 بجے شب درگاہ شریف پہونچا ۔ سجادہ نشین حضرت خسرو حسینی قبلہ نے افراد خانوادہ ، مشائخین عظام ، علماء کرام و معززین کی موجودگی میں جلوس صندل کا استقبال کیا ۔ بعد ازاں بنو سماع کا اہتمام کیا گیا ۔ 1 بجے شب فاتحہ خوانی 22 خواجگان چشت کا اہتمام ہوا ۔ 1-30 بجے شب حضرت سجادہ نشین نے صندل مالی انجام دی ۔ 16 ذی قعدہ 6 جون 11-30 بجے دن سماع خانہ درگاہ شریف میں سمینار منعقد ہوا ۔ حضرت حافظ سید محمد علی الحسینی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔ حضرت فضل الامین چشتی اجمیر شریف نے صدارت کی ۔ مولانا حافظ سید بدیع الدین صابری حیدرآبادی نے انسانی زندگی میں تصوف کی ضرورت قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان کی ۔ ڈاکٹر شبیب انور علوی اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ فارسی لکھنؤ یونیورسٹی حضرت خواجہ بندہ نواز محبت انسانی کے زیر عنوان نہایت وقیع پر مغز مقالے پیش کئے بعد نماز مغرب جشن چراغاں کا اہتمام ہوا درگاہ شریف کے احاطہ میں سینکڑوں چراغ روشن کئے گئے بلا لحاظ مذہب و ملت عقیدت مندان و زائرین نے تیل اور گھی ڈال کر چراغوں کو روشن کیا بعد نماز عشاء سماع خانہ درگاہ شریف میں حضرت حافظ سید محمد علی الحسینی کی زیر نگرانی محفل سماع منعقد ہوئی ۔ 17 ذیقعدہ 7 جون بروز چہارشنبہ بعد نماز عصر مسجد درگاہ شریف میں ختم قرآن مجید کی مجلس منعقد ہوئی اور زیارت کے مراسم ادا کئے گئے اس کے ساتھ ہی عرس شریف حضرت خواجہ بندہ نواز گیسو دراز کا اختتام عمل میں آیا ۔ عرس شریف کے دوران پنجگانہ نمازوں کے بعد مسجد درگاہ شریف میں مجالس وعظ کا انعقاد ہوا ۔ مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ کے علاوہ ممتاز و جید علماء ومشائخین نے مخاطب کیا ۔ عرس شریف کے دوران نظم و نسق کو بہتر بنانے کیلئے گلبرگہ پولیس نے موثر پولیس بندوبست کیا تھا ۔ زائرین کی سہولت کیلئے کرناٹک ، مہاراشٹر ، آندھرا پردیش ، تلنگانہ ریاستوں سے خصوصی بسیں اور حیدرآباد سے اسپیشل ٹرینیں چلائی گئیں۔