حیدرآباد ۔ 10 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر انیمل ہسبینڈری ٹی سرینواس یادو نے 9.50 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کردہ جدید تقاضوں سے لیس بیگم بازار فش مارکٹ کا افتتاح کیا اور کہا کہ مچھلیوں کے شعبہ پر انحصار کرنے والوں کی ترقی و بہبود کے معاملے میں تلنگانہ کی حکومت عہد کی پابند ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ بیگم بازار فش مارکٹ کی تاریخی اہمیت ہے۔ اس مارکٹ کو ماضی میں بنیادی سہولتیں دستیاب نہیں تھی، جس سے مچھلی فروخت کرنے والوں اور خریدنے والوں کو کافی مشکلات پیش آرہی تھی جس کا جائزہ لینے کے بعد حکومت نے 9.50 کروڑ روپئے کے مصارف سے تمام سہولتوں سے آراستہ جدید تقاضوں سے لیس فش مارکٹ تعمیر کروایا ہے۔ اس نئی عمارت میں 43 ہول سیل اسٹالس، کولڈ اسٹوریج، 90 ریٹل اسٹالس، 71 کٹنگ اسٹالس، 10 ڈرائی فش اسٹالس اور ایک کینٹین کا اہتمام کیا گیا ہے۔ نئی عمارت میں لفٹ کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ مارکٹ میں کاروبار کرنے والوں کو ہی اسٹالس مختص کئے جائیں گے۔ اسٹالس کے مستحق افراد کے نام نوٹس بورڈ پر چسپاں کرنے کی ہدایت دی۔ ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے حدود کوکٹ پلی اور ملاپور میں بھی فش مارکٹس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ 50 کروڑ روپئے کے مصارف سے ہول سیل ایکسپورٹ فش مارکٹ تعمیر کرنے کے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ن