عصمت ریزی مقدمہ میں رونالڈو کا ایک دہے بعد ڈی این اے ٹسٹ

   

لزبن۔11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر 33 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے دہے قبل امریکی ماڈل کی عصمت ریزی کی تفتیش کے لئے فٹ بالر کا ڈی این اے ٹسٹ کیا جائے گا۔کرسٹیانو رونالڈو پر اکتوبر 2018 میں سابق امریکی ماڈل کیتھرین مایورگا نے الزام عائد کیا تھا کہ فٹ بالر نے 2009 میں امریکی شہر لاس ویگاس میں ان کی عصمت ریزی کی۔کیتھرین مایورگا نے اگرچہ اس واقعہ کی رپورٹ 2010 میں ہی درج کروادی تھی، تاہم اس وقت انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر صرف جنسی استحصال کی رپورٹ درج کروائی تھی۔ تاہم سابق ماڈل نے ستمبر 2018 میں امریکی ریاست نیواڈا کی ڈسٹرکٹ عدالت میں 32 صفحے کی شکایت درج کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ رونالڈو نے 13 جون 2009 کو ان کی عصمت ریزی کی تھی ۔ انہوں نے اس مقدمے میں الزام عائد کیا کہ فٹبالر نے اس مبینہ عصمت ریزی کو خفیہ رکھنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا تھا۔