علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان سے دہشت گردی کیخلاف سخت کارروائی کی توقع

,

   

مسعود اظہر کی عالمی دہشت گرد وں کی فہرست میں شمولیت پر امریکہ کا خیرمقدم، امن کیلئے عمران خان کے عزم کی ستائش
اقوام متحدہ۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو اقوام متحدہ کی جانب سے ’عالمی دہشت گرد‘ قرار دیئے جانے پر خیرمقدم کیا اور پاکستان پر زور دیا کہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق دہشت گردی کے خلاف ’پائیدار کارروائی‘ کرے۔ واضح رہے کہ ہندوستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی کے طور پر اقوام متحدہ نے پاکستان میں موجود مسعود اظہر کو ’عالمی دہشت گرد‘ قرار دیا جب انہیں بلیک لسٹ کرنے کیلئے فرانس، برطانیہ اور امریکہ کی طرف سے تجویز پر چین نے اپنی مخالفت سے دستبرداری اختیار کی۔ اقوام متحدہ میں امریکی سفارتی مشن کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ القاعدہ اور آئی ایس آئی ایل (داعش) پر امتناع کی فہرست میں مسعود اظہر کی شمولیت کا خیرمقدم کرتا ہے۔ اس قرارداد میں شمولیت کے بعد اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کو عمل آوری کرتے ہوئے اظہر کے خلاف نہ صرف اسلحہ اور سفر پر پابندی عائد کرنا ہوتا ہے بلکہ ان کے اثاثے بھی منجمد کرنا ناگزیر ہوگیا ہے‘۔ امریکی سفارت کار نے مزید کہا کہ ’ہم تمام ممالک سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھائیں گے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیش محمد کو اقوام متحدہ پہلے ہی دہشت گرد گروپ قرار دے چکا ہے جس کے بانی اور سربراہ مسعود اظہر ہیں۔ جیش محمد کئی دہشت گرد حملوں کیلئے ذمہ دار ہے اور علاقائی امن و استحکام کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے اس عزم کاخیرمقدم کرتے ہیں کہ پاکستان خود اپنے مستقبل کی خاطر اپنی سرزمین سے عسکریت پسند اور دہشت گرد گروپوں کو اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کی اجازت نہیں دے گا‘۔ امریکی سفارت کار نے کہا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے کئے گئے چند ابتدائی اقدامات سے کئی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور پاکستان کی طرف سے اس کے قومی ایکشن پلان میں صراحت کردہ اقدامات کے مطابق مزید پائیدار کارروائیاں کی توقع کرتے ہیں۔ امریکہ ، برطانیہ اور فرانس نے مسعود اظہر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے تحدیدات عائد کی جانے والی کمیٹی فروری کے دوران مسعوداظہر کے خلاف تجویز پیش کی تھی۔ جموں و کشمیر کے پلوامہ میں جیش محمد کے دہشت گرد حملے کے بعد یہ مسئلہ اٹھایا گیا تھا۔