علماء کے اختلاف کا اثر عوام پر ، اعتدال کی راہ اپنانے کی تلقین

   

وفاق العلماء حیدرآباد کے اجلاس سے مولانا مفتی محبوب شریف نظامی کا خطاب

حیدرآباد /28 جولائی ( پریس نوٹ ) ہر معاملہ میں اعتدال کی راہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے خاص طور پر موجودہ دور میں اختلاف سے بچنا ضروری ہے ۔ کیونکہ علماء کے اختلاف کا اثر براہ راست عوام پر پڑتا ہے ۔ فتنہ و فساد جنم لیتا ہے لوگ سوچنے پر مجبور ہوجاتے ہیں کہ کونسے طریقے اور راستہ کی پیروی کریں ۔ برادران وطن پریشان ہوتے ہیں کہ کونسے اسلام کو قبول کریں ۔ اس لئے ضروری ہے ہر چیز میں اعتدال کی روش اپنائے ۔ دنیا کے معاملات ہو یا دین کے معاملات ، عبادت ہو یا ریاضت ، یہاں تک کہ معیشت میں بھی اعتدال و میانہ روی اختیار کریں اور سب سے زیادہ جس چیز میں اعتدال ضروری ہے وہ ہے فکر و نظر کا اعتدال ۔ یہ ملت جوڑنے کیلئے ہے آپسی منافرت اور تفریق پیدا کرنے کیلئے نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی محبوب شریف نظامی ( کارگذار صدر وفاق العلماء تلنگانہ و مہتمم مدرسہ دینیہ رحمت العلوم ۔ کشن باغ ) نے وفاق کے اجلاس سے کیا ۔ یہ اجلاس اسلامک سنٹر جماعت اسلامی ہند ، چندرائن گٹہ میں منعقد ہوا ۔ مولانا نے کہا کہ آخرت میں نجات کیلئے اخلاص ضروری ہے علماء کو چاہئے کہ اپنی اپنی صلاحیتوں کو اپنے اپنے مقام پر امت کی خیر و بھلائی کیلئے استعمال کریں ۔ جن مسائل میں علماء کے درمیان موفقت ہے ۔ اس میں ان کی رائے کو قبول کریں اور جن مسائل میں موافقت نہ ہو اس میں عفو و درگزر سے کام لیں ۔ علماء ہی اس امت کے فساد کو ختم کرسکتے ہیں ۔ دعاء پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔