جکارتہ:انڈونیشیا کے علاقے پاپوا میں علیحدگی پسند جنگجوں نے نیوزی لینڈ کے ایک پائلٹ کو یرغمال بنا کر اسے جان سے مارنے کی دھمکی دے دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پائلٹ کو پہاڑی ضلع ندوگا میں طیارہ اتارنے کے بعد یرغمال بنایا گیا جبکہ طیارے میں سوار مزید پانچ مسافروں کو رہا کر دیا گیا ہے، مسافروں میں ایک چھوٹا بچہ بھی شامل تھا، علیحدگی پسند چاہتے ہیں کہ انڈونیشیا مغربی پاپوا صوبے کی آزادی کو تسلیم کرے۔پولیس کے مطابق اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں تاہم مذکورہ علاقے تک صرف ہوائی جہاز سے ہی پہنچا جا سکتا ہے جبکہ انڈونیشیا کی جانب سے دہشت گرد گروپ کے طور پر نامزد کی جانے والی مغربی پاپوا نیشنل لبریشن آرمی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے،گروپ کے ترجمان سیبی سمبوم نے کہا ہے کہ اگر انڈونیشیا حکومت نے مطالبہ منظور نہ کیا اور مغربی پاپوا کی آزادی پر بات چیت میں ناکام ہوئی تو پائلٹ کو پھانسی دے دی جائے گی۔