علی اور بجرنگ بلی دونوں ہمارے ہیں : مایاوتی

,

   

بدایون 13 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام )چیف منسٹر یو پی آدتیہ ناتھ کے حالیہ ریمارکس کو اپنے انداز میں پیش کرتے ہوئے بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے آج کہا کہ ان کی پارٹی کو علی اور بجرنگ بلی دونوں کے ووٹ حاصل ہونگے ۔ خاص طور پر بجرنگ بلی کے ووٹ انہیں ملیں گے کیونکہ ہنومان ان کی دلت ذات سے تعلق رکھتے تھے ۔ بدایون میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مایاوتی نے آدتیہ ناتھ کے ریمارک کا حوالہ دیا جس میں انہوںنے سابق میں اپوزیشن اتحاد کیلئے ووٹ کی اپیل کا تذکرہ کیا تھا ۔ مایاوتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس سلسلہ میں وہ آدتیہ ناتھ سے کہنا چاہتی ہیں کہ علی اور بجرنگ بلی دونوں ہمارے ہیں۔ ہم دونوں کو اپنے ساتھ رکھنا چاہتے ہیں۔ آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ اگر علی بی ایس پی ۔ ایس پی اور آر ایل ڈی کے ساتھ ہے تو بجرنگ بلی ہمارے ساتھ ہیں۔ الیکشن کمیشن نے اس طرح کے ریمارکس اور مذہبی حوالوں پر آدتیہ ناتھ اور مایاوتی دونوں کو نوٹس جاری کی ہے ۔ مایاوتی نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہم خاص طورپر بجرنگ بلی کو چاہتے ہیں کیونکہ وہ ہماری دلت ذات سے تعلق رکھتے ہیں۔ مایاوتی نے کہا کہ وہ آدتیہ ناتھ کی شکر گذار ہیں کیونکہ انہوں نے ہمیں اپنے آبا و اجداد کا پتہ دیا ہے ۔ ایسے میں یہ ان کیلئے انتہائی خوشی کی بات ہے ۔