عمارت گرنے سے 6 افراد ہلاک

   

قاہرہ ۔ مصر کے شمال میں ساحلی شہر سکندریہ میں چار منزلہ عمارت گرنے سے کم از کم 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق مصر کے مقامی عہدیداروں نے کہا ہے کہ گرنے والی اس پرانی عمارت کو خالی کرنے کے متعدد نوٹس دیئے گئے تھے جنہیں نظر انداز کردیا گیا۔سکندریہ کے گورنر محمد الشریف نے جائے حادثہ پر پہنچ کر بحالی کے کام کا جائزہ لیا اور میڈیا سے بات کی ہے۔ راحت کاری کی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کرملبے میں دب جانے والے افراد کی تلاش کا کام شروع کر دیا ہے۔ عمارت میں دو خاندانوں کے افراد رہائش پذیر تھے۔بتایا گیا ہے کہ راحت کاری کارروائی میں ملبے تلے سے 6 لاشیں نکالی گئی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں تین مرد اور تین خواتین شامل ہیں۔مخدوش عمارت گرنے کے باعث ساتھ والی عمارت میں بھی دراڑیں نمودار ہونا شروع ہو گئی ہیں جس کے بعد اس عمارت کو خالی کروالیا گیا ہے۔واضح رہے کہ مصر میں بہت سی قدیم عمارتیں دیکھ بھال کے ناقص انتظامات اور مکینوں کی لاپروائی کے باعث خطرے کا باعث ہیں جس کی وجہ سے ایسے حادثات رونما ہوتے ہیں۔