عمران خان فی الحال فنڈنگ کیس میں گرفتاری سے بچ گئے

   

اسلام آباد : سابق وزیر اعظم عمران خان فنڈنگ کیس میں آج عدالت میں پیش ہوئے۔ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے درج مقدمے میں گرفتاری سے بچنے کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست کو اسلام آباد آباد ہائی کورٹ نے منظورکر لیا ہے۔عدالت نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت پانچ ہزار روپے مچلکوں کے عوض منگل تک منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ آپ متعلقہ عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری دائر کر سکتے ہیں۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت منگل تک ملتوی کردی۔قبل ازیں ایف آئی اے کی جانب سے درج مقدمے میں گرفتاری سے بچنے کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم حفاظتی ضمانت منظور کر رہے ہیں، ہم اس کیس کو زیر سماعت رکھتے ہیں اور حفاظتی ضمانت دیتے ہیں، اگر یہ معاملہ حل نہیں ہوتا تو ہم آپ کی درخواست کو دوبارہ سنیں گے۔