عمران خاں امریکہ روانہ، ٹرمپ سے پہلی ملاقات متوقع

   

اسلام آباد۔/20جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خاں ہفتہ کو امریکہ کے پہلے سرکاری دورہ پر روانہ ہوئے جہاں صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ان کی پہلی مرتبہ دوبہ دو ملاقات ہوگی اور وہ باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے جو صدر ٹرمپ کی جانب سے کھلے عام تنقید، فوجی امداد کی منسوخی کے علاوہ دہشت گردی سے لڑنے کیلئے مزید اقدامات کے لئے اسلام آباد سے اصرار کے سبب متاثر ہوئے ہیں۔ پاکستانی وزیر اعظم ایک ایسے وقت یہ دورہ کررہے ہیں جب افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان امن بات چیت جاری ہے اور باور کیا جاتا ہے کہ مذاکرات فیصلہ کن مرحلہ میں پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات ٹرمپ کے صدارتی دور میں اکثر کشیدگی کا شکار رہے ہیں۔ امریکی صدر نے برسر عام کہا تھا کہ پاکستان نے ہمیں ’’ صرف جھوٹ اور دھوکہ ‘‘کے سواء اور کچھ نہیں دیا۔