عمران خاں کی روسی صدر پوٹین سے فون پر بات چیت‘ اسلاموفوبیا سے متعلق بیان کا خیرمقدم

   

اسلام آباد:پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے روسی صدر ولادیمیر پوٹین سے ٹیلی فون پر بات چیت کی جس میں انہوں نے روسی صدر کی جانب سے توہین رسالت کیخلاف بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے گزشتہ سال ہونے والی گفتگو کے تسلسل میں دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر عمران خان نے توہین رسالت کی مخالفت میں پوٹین کے بیان کا خیرمقدم کیا۔روسی صدر نے کہا تھا کہ حضور نبی کریم کی شان میں گستاخی آزادی اظہار رائے نہیں بلکہ مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں اسلاموفوبیا اور مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے کے معاملے کو مسلسل اجاگر کرتے رہے ہیں اور انہوں نے اس کے سنگین اثرات کے حوالے سے دنیا کو آگاہ بھی کیاہے۔