اسلام آباد، 2 ستمبر (ایجنسیز) پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہنوں کو ایک بار پھر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے اہل خانہ کو بھی ان سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔پی ٹی آئی نے جیل انتظامیہ کے اس اقدام پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہل خانہ کو عمران خان سے ملاقات سے روکنا سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی سنگین خلاف ورزی ہے۔پارٹی کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود ملاقات سے انکار سے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کے حوالے سے سنجیدہ سوالات پیدا ہوتے ہیں۔ پی ٹی آئی نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو قانون کے مطابق اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔پی ٹی آئی کے وکیل ایڈووکیٹ اویس یونس چوہدری کے مطابق عمران خان کی تین بہنیں منگل کو دوپہر 2 بجے سے شام ساڑھے 6 بجے تک اڈیالہ جیل میں ملاقات کیلئے انتظار کرتی رہیں، تاہم جیل حکام نے انہیں عمران خان سے ملنے کی اجازت نہیں دی۔اس سے ایک روز قبل سپریم کورٹ نے عمران خان کی ایک بہن کی جانب سے دائر دوسری درخواست بھی مسترد کردی تھی۔ درخواست میں عدالت کے 18 اگست کے حکم پر عمل نہ ہونے سے متعلق توہین عدالت کی درخواست کی جلد سماعت کی استدعا کی گئی تھی۔