عمرہ زائرین کے لیے میقاتوں پر انتظامات مکمل

   

مکہ مکرمہ ۔ سعودی وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کہا ہے کہ تمام میقاتوں پر عمرہ زائرین کو خوش آمدید کہا جائے گا۔ اس حوالے سے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ متعلقہ اداروں کے مقرر کردہ ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا۔ ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ عمرے کی تدریجی بحالی کا شاہی فیصلہ آتے ہی وزارت نے عمرے کے خواہشمند سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی صحت و سلامتی اور آرام و راحت کے لیے تمام سہولتیں مہیا کی ہیں۔ واضح رہے کہ عمرہ یا حج پر جانے والوں کو مخصوص مقامات سے احرام پہننا ہوتا ہے اور وہاں سے نیت کے ساتھ خانہ کعبہ کا سفر کیا جاتا ہے۔ ان مقامات کو میقات کہا جاتا ہے۔ مختلف علاقوں سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے میقاتیں الگ الگ ہیں۔ ہر میقات پر مسجد، طہارت خانے، غسل خانے بنے ہوئے ہیں۔ احرام سمیت عمرے اور حج کے لیے درکار جملہ اشیا فروخت کرنے والی دکانیں بھی موجودہیں۔ وزارت اسلامی امور نے عمرہ موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام مساجد اور میقاتوں پر ایس او پیز کا اہتمام کیا ہے۔ ہر میقات پر عالم دین تعینات ہوں گے جو عمرہ زائرین کو دینی آگہی فراہم کریں گے ۔ یاد رہے کہ عمرہ اور زیارت مرحلہ وار بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں جس کا آغازاتوار 4 اکتوبر 2020 سے ہوگا صرف سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو عمرے کی اجازت ہوگی۔ s