عمرہ ویزوں کو معطل کرنا عارضی اقدام : سعودی عرب

   

ریاض ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں حج و عمرہ کے نائب وزیر عبدالفتاح مشط کا کہنا ہے کہ مملکت کی جانب سے عمرے کے ویزوں کو معطل کرنے کا فیصلہ عارضی پیشگی اقدام ہے۔ جمعرات کے روز میڈیا کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے مزید بتایا کہ وزارت حج و عمرہ نے تمام کمپنیوں کو باور کرایا ہے کہ وہ معتمرین کے امور کا جائزہ لیں اور انہیں تمام تر سہولیات پیش کریں۔مشاط کے مطابق معتمرین کے تحفظ کے لیے تمام تر ہدایات پر عمل درامد کے سلسلے میں وزارت صحت کے ساتھ تعاون جاری ہے۔سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے چہارشنبہ کے روز عمرے اور مسجد نبوی کی زیارت کے مقصد سے مملکت میں داخل ہونے پر عارضی پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسی طرح مملکت نے کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے آنے والوں کے لیے سیاحتی ویزوں کے اجرا کو بھی معطل کر دیا ہے۔وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ سعودی شہریوں اور خلیج تعاون کونسل میں شامل ریاستوں کے شہریوں کے مملکت میں سفر کو معطل کر دیا گیا ہے۔ تاہم بیرون ملک سعودی شہری اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں، وہ مملکت واپس آ سکتے ہیں۔ قومی شناختی کارڈ رکھنے والے افراد اور خلیج تعاون کونسل کے باشندے سعودی عرب سے باہر اپنے ملکوں کا سفر کرسکتے ہیں۔ سعودی عرب کے مطابق یہ تمام اقدامات عارضی ہیں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے صورت حال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔