عمرہ کا 4 اکٹوبر سے آغاز یکم ؍ نومبر سے غیرملکیوں کو عمرہ کی اجازت

,

   

مکہ مکرمہ: سعودی عرب نے اتوار 4 اکٹوبر 17 صفرالمظفر 1442ھ سے عمرہ اور زیارت کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔ عمرہ مرحلہ وار بحال کیا جائے گا۔ حکومت نے تمام ضروری احتیاطی اقدامات کئے ہیں۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ کوروناوائرس کی تبدیلیوں کا جائزہ لینے کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا گیا۔ ساری دنیا میں مسلمانوں کی عمرہ کرنے کی آرزو کو ملحوظ رکھتے ہوئے مرحلہ وار اجازت دی ہے۔ پہلا مرحلہ 4 اکٹوبر سے شروع ہوگا، جس میں سعودی عرب کے شہریوں اور غیرمقیم شہریوں کو عمرہ کی اجازت ہوگی۔ روزانہ 6000 معتمرین کو مسجد الحرام میں جانے کا موقع دیا جائے گا۔ دوسرا مرحلہ 18 اکٹوبر سے شروع ہوگا۔ اس مرحلہ کے دوران سعودی شہریوں اور سعودی عرب میں مقیم غیرملکیوں کو عمرہ، زیارت اور نمازوں کی اجازت ہوگی۔ روزانہ 15000 ہزار معتمرین اور 40,000 افراد مسجد حرام میں نماز ادا کرسکیں گے۔ مسجد نبویؐ کی گنجائش کے 75 فیصد تک نمازیوں کو جانے کی اجازت ہوگی۔ تیسرے مرحلہ کا آغاز یکم؍ نومبر 2020ء، 15 ربیع الاول سے ہوگا۔ اس مرحلہ میں سعودی شہریوں اور مملکت کے اندر اور باہر سے غیرملکیوں کو عمرہ، زیارت اور نمازوں کی اجازت دی جائے گی۔ یہ سلسلہ کورونا وباء کے خاتمہ یا اس کا خطرہ ختم ہوجانے کے رسمی اعلان تک چلے گا۔ یکم ؍ نومبر سے روزانہ 20,000 معتمرین عمرہ کرسکیں گے اور 60 ہزار افراد کو مسجد حرام میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ نماز ادا کرنے کا موقع دیا جائے گا۔