عمر اورمحبوبہ کی نگین جھیل آگ متاثرین سے ملاقات

   

سرینگر: سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے منگل کے روز یہاں نگین جھیل کا دورہ کرکے وہاں ان ہاؤس بوٹ مالکان سے ملے جن کے ہاؤس بوٹ گذشتہ شب آگ کی ایک واردات میں خاکستر ہوگئے ۔ بتادیں کہ سری نگر کے نگین جھیل میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب آگ کی ایک واردات میں سات ہاؤس بوٹ خاکستر ہوگئے تھے ۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آگ متاثرین سے ملنے کے بعد اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ نگین جھیل کا دورہ کیا اور ان ہاؤس بوٹ مالکوں سے ملا جن کی ہاؤس بوٹس گذشتہ شب خاکستر ہوگئیں۔ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی منگل کے روز آگ متاثرین کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ ان ہاؤس بوٹ مالکوں نے اپنی جان اور مال کی پراہ کئے بغیر سیاحوں کو صحیح سلامت باہر نکالا جس کے لئے وہ مبارکبادی کے حقدار ہیں انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کو فوری امداد فراہم کرے اور ان کو آسان بینک قرضے بھی دئے جائیں تاکہ وہ دوبارہ اپنا کام شروع کر سکیں۔