عمر گوتم تبدیلی مذہب معاملہ میں نئی گرفتاری،یو پی اے ٹی ایس مسلمانوں کو بے جا گرفتار کررہی ہے، جمعیۃ علماء قانونی امدادفراہم کرے گی: گلزار اعظمی

   

تبدیل مذہب معاملے میں گذشتہ اتوار کی شب اتر پردیش اے ٹی ایس نے مہاراشٹر کے ضلع ایوت محل کے مقام پوسد سے ڈاکٹر فراز شاہ کو اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ حسب معمول اپنے دواخانے میں مریضوں کا علاج کررہے تھے، دو گاڑیوں میں اے ٹی ایس کے افسران پوسد پہنچے اور ڈاکٹر فراز شاہ کو گرفتار کرکے لکھنو لیکر چلے گئے ، ڈاکٹر فراز کو گرفتار کرنے سے قبل اے ٹی ایس کے افسران نے ڈاکٹر فراز کے گھر والوں کو مطلع نہیں کیا ، ڈاکٹر فراز کے اہل خانہ نے جب مقامی پولس اسٹیشن میں اس کی شکایت درج کرائی تو انہیں تحریری جواب ملاکہ لکھنئو کی خصوصی عدالت نے ملزم کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے اس لیئے لکھنئو اے ٹی ایس ٹیم اسے اپنے ساتھ لیکر گئی ہے اور لکھنئو پہنچتے ہی ڈاکٹر فراز کو عدالت میں حاضر کردیا جائے گا نیز ڈاکٹر فراز کو عمر گوتم تبدیل مذہب معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے کیونکہ دوان تفتیش ڈاکٹر فراز کے بھی اس معاملے میں ملوث ہونے کا سراغ ملا ہے۔ڈاکٹر فراز شاہ کی گرفتاری کے بعد اس کی والدہ نے جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی )قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی کے نام قانونی امداد کی درخواست ارسال کی ہے جسے منظور کرلیا گیا ہے۔