عملی سیاست سے سبکدوشی کی اطلاعات بے بنیاد: چنا ریڈی

   

ٹی آر ایس نے ووٹ خریدنے کا رجحان شروع کیا، عوامی خدمت کیلئے ہمیشہ تیار ہوں
حیدرآباد: کانگریس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے عملی سیاست سے سبکدوشی سے متعلق اطلاعات کی تردید کی اور کہا کہ بعض گوشوںکی جانب سے ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل سی الیکشن میں شکست کے باوجود وہ عوامی خدمت کے جذبہ کے ساتھ کام کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ایم ایل سی انتخابات میں برسر اقتدار ٹی آر ایس کی جانب سے دولت کے بے دریغ استعمال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دولت کے بغیر حصہ لینا بے فیض دکھائی دے رہا ہے اور دولت کے بغیر الیکشن کا تصور محال ہے ۔ ان کے اس بیان کو سیاست سے سبکدوشی پر محمول کردیا گیا ۔ چنا ریڈی نے کہا کہ وہ سیاست سے سبکدوشی سے متعلق خبروں کی مذمت کرتے ہیں اور وہ عوام کے لئے سیاست میں برقرار رہیں گے ۔ ٹی آر ایس کے نتیجہ میں ہر الیکشن میں دولت کا رول کافی بڑھ چکا ہے ۔ 2014 سے قبل الیکشن میں دولت کے استعمال کا رجحان کافی کم تھا ۔ ٹی آر ایس کے برسر اقتدار آنے کے بعد ووٹ خریدنے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ ٹی آر ایس نے دولت اور شراب کے استعمال کے ذریعہ انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ چنا ریڈی نے کہا کہ ایم ایل سی الیکشن میں شکست کے باوجود وہ عوامی خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔