عنبرپیٹ انسپکٹر پولیس کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ

   


حیدرآباد : /8 جنوری (سیاست نیوز) رچہ کونڈہ کی ونستھلی پورم کی پولیس نے حیدرآباد کے عنبرپیٹ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر سدھاکر کے خلاف دھوکہ دہی کا ایک مقدمہ درج کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق ریونیو انسپکٹر راجیش گوڑ اور انسپکٹر عنبرپیٹ پولیس اسٹیشن سدھاکر آپس میں دوست ہیں اور ان کی ملاقات وجئے نند نامی این آر آئی سے ہوئی ۔ اسی دوران کم دام میں کندوکور میں واقع اراضی فروخت کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اس سے 50 لاکھ روپئے کی رقم حاصل کرلی تھی ۔ انسپکٹر اور اس کے ساتھی ریونیو انسپکٹر کی بات پر بھروسہ کرتے ہوئے این آر آئی وجئے نند نے انہیں رقومات حوالے کردیئے ۔ لیکن رقم حاصل کرنے کے بعد وہ اراضی فراہم کرنے کی بات تو دور اراضی کا پلاٹ اب تک نہیں دکھایا ۔ رقم حاصل کرنے کے بعد بھی مذکورہ انسپکٹر اور اس کا ساتھی این آر آئی کو نقد رقم لوٹانے سے قاصر رہے ۔ جس کے نتیجہ میں ونستھلی پورم پولیس اسٹیشن سے شکایت درج کروائی اور پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے دھوکہ دہی کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔