کانگریس کی 138 ویں یوم تاسیس، گاندھی بھون میں پرچم کشائی اور ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/28 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ عوامی مسائل پر جدوجہد میں شدت پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ شخصی اختلافی مسائل سے زیادہ عوامی مسائل اہمیت کے حامل ہیں۔ کانگریس کے 138 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ریونت ریڈی نے گاندھی بھون میں پارٹی پرچم لہرایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور بالخصوص تلنگانہ کی صورتحال باعث تشویش ہے۔ کے سی آر کے ہاتھوں تلنگانہ عوام کو محروس کردیا گیا ہے اور من مانی فیصلے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ریاست میں لوٹ مکمل نہیں ہوئی تھی کہ اب بی آر ایس کے نام پر ملک کا رُخ کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کے ارکان خاندان بدعنوانیوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہلی میں تین دن قیام کے دوران کے سی آر نے آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون کے وعدوں پر مرکزی حکومت سے کوئی سوال نہیں کیا۔ انہوں نے پارٹی کیڈر سے اپیل کی کہ 26 جنوری سے شروع ہونے والی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا میں حصہ لیں۔ ہر کانگریسی کو دیہی علاقوں تک پہنچ کر عوام کو بی جے پی اور کے سی آر کی عوام دشمن پالیسیوں سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا سے بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور کوویڈ کے بہانے سے یاترا کو روکنے کی سازش ہے۔ اس موقع پر ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ، انجن کمار یادو، جی نرنجن اور دوسروں نے شرکت کی۔ گاندھی بھون میں سابق سی ایل پی لیڈر پی جناردھن ریڈی کو خراج پیش کیا گیا۔ر