عوام الناس سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے سے گریز کریں: پولیس کا انتباہ

   

سرینگر: پولیس نے ایک دفعہ پھر عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا کا غلط استعمال اور ملی ٹینسی کو بڑھاوا دینے کی خاطر استعمال کرنے سے گریز کریں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ‘زیون سری نگر میں آرمڈ پولیس گاڑی پر ہوئے حملے کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ٹویٹ اور تصاویر اپ لوڈ کئے گئے ’ ۔ ‘ان کے مطابق لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا کو دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کی خاطر استعمال کرنے سے اجتناب کیا جائے ’۔ پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ ‘لوگوں کو وقتاً فوقتاً اس حوالے سے جانکاری فراہم کی جارہی ہیں کہ سوشل میڈیا کا غلط استعمال نہ کیا جائے ’۔ انہوں نے کہا کہ ملک مخالف مواد اور ملی ٹینسی کو بڑھاوا دینے والے سوشل میڈیا ایڈمن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بتادیں کہ پولیس نے اس سے قبل سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی ہے ۔ علاوہ ازیں پچھلے کچھ دنوں سے مقامی اخبارات میں بھی سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے حوالے سے اشتہارات شائع کئے گئے ہیں تاکہ عام لوگوں کو بھی اس حوالے سے آگاہی فراہم ہو سکے ۔