عوام سے رابطہ کیلئے تلنگانہ میں کانگریس کا عنقریب ایک نیا منصوبہ: ریونت ریڈی

   

کمیونسٹ جماعتوں کی تائید سے ٹی آر ایس کی کامیابی، کانگریس کو کمزور کرنے کی سازش کا الزام
حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کی کامیابی کے پس منظر میں عوام سے رابطہ کیلئے پارٹی کی جانب سے عنقریب ایک پروگرام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا موقف مستحکم ہے اور وہ ریاست میں کانگریس کی اقتدار میں واپسی کیلئے حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ منوگوڑ ضمنی چناؤ کا نتیجہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کی جانب سے دولت اور شراب کے استعمال کا اثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا ریاست میں غیر معمولی کامیاب رہی اور تاریخی چارمینار کے پاس جلسہ عام مثالی رہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فرقہ پرست طاقتوں سے مقابلہ کیلئے عوام کو متحد کرنے یاترا منظم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کے دوران میں نے پردیش کانگریس صدر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری پوری دیانتداری کے ساتھ انجام دی ہے۔ عوام میں کانگریس پر اعتماد پیدا کرنے کیلئے عنقریب حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ کانگریس پارٹی عوام سے رجوع ہوگی اور ٹی آر ایس اور بی جے پی کو بے نقاب کرے گی۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ ملک میں الیکشن کمیشن کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور منوگوڑ کی انتخابی مہم میں یہ ثابت ہوچکا ہے کہ الیکشن کمیشن نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے منوگوڑ کی انتخابی مہم میں حصہ لینے والے قائدین اور کارکنوں سے اظہار تشکر کیا۔ آئندہ انتخابات میں کامیابی اور تشکیل حکومت کانگریس کا نشانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا معاملہ ہائی کمان کے پاس زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری بلز پر گورنر کے اندیشوں کو دور کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ریونت ریڈی نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹیاں کانگریس کی حلیف ہیں اور وہ امید کرتے ہیں کہ تلنگانہ میں کانگریس کے ساتھ مل کر عوامی مسائل پر جدوجہد کریں گے۔ر