عوام مرکز اور ریاست میں حکومتوں کو تبدیل کرنے کے خواہاں

   

محبوب نگر میں کانگریس کی کارنر میٹنگ، امیدوار سرینواس ریڈی کا پرچہ نامزدگی داخل، مختلف قائدین کا خطاب

محبوب نگر ۔ 10 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر کے عوام اب آزادانہ فضاء میں سانس لے سکیں گے۔ تجارتی ادارے کسی خوف کے بغیر اپنے کاروبار انجام دیتے رہیں گے۔ وقت بالکل قریب ہے ان خیالات کا اظہار کانگریس قائدین نے آج دوپہر مستقر محبوب نگر پر تلنگانہ چوراہا پر ایک زبردست کارنر میٹنگ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ حلقہ اسمبلی محبوب نگر کے کانگریسی امیدوار یتم سرینواس ریڈی نے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ وہ ضلع کانگریس کے دفتر سے ایک بڑی ریالی جس میں ہزاروں کارکن اور قائدین شریک تھے۔ ان کے ہمراہ ریاستی کانگریس کے نائب صدر عبید اللہ کوتوال کے علاوہ سینئر قائدین این پی وینکٹیش ایڈوکیٹ، سنجیو مدیراج، ونود کمار و دیگر موجود تھے۔ ان قائدین نے کارنر میٹنگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام میں سیاسی شعور بیدار ہوچکا ہے۔ وہ بہتر جانتے ہیں کہ خاندانی حکمرانی کون کررہا ہے؟ عوام مرکز اور ریاست میں بہت جلد حکومتوں کو تبدیل کرنے کے لئے تیار ہیں۔ عوام کو زندگی گذارنے کے لئے بنیادی ضرورتوں کی تکمیل کی ضرورت ہے۔ اس کو پیش نظر رکھ کر کانگریس نے ضمانتوں کی فہرست تیار کی ہے۔ اقتدار میں آتے ہی بلا تاخیر ان ضمانتوں پر عمل آوری شروع کردی جائے گی۔ ریالی کانگریس دفتر سے اہم شاہراہوں سے ہوتے ہوئے تلنگانہ چوراہا پہنچی جہاں یہ کارنر میٹنگ منعقد کی گئی۔ کانگریس امیدوار نے ریٹرننگ آفیسر آر ڈی او انیل کمار کے دفتر پہنچ کر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس موقع پر ریاستی و ضلعی صدور کے علاوہ ہزاروں کارکنان موجود تھے۔ مختلف مقامات پر کانگریس قائدین کا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔