عوام کانگریس کے جھانسہ میں نہ آئیں۔ ریاست میں تاریکی پھیل جائے گی

   

بی آر ایس حکومت سماج کے تمام طبقات کی یکساں ترقی کیلئے کوشاں۔ نرمل میں جلسہ سے چیف منسٹر کے سی آر کا خطاب

نرمل ۔ 4 جون (جلیل ازہرکی رپورٹ) آج سارے ملک میں تلنگانہ پر اس کی اسکیمات اور کارکردگی کی بنیاد پر تبصرہ کئے جارہے ہیں بالخصوص مہاراشٹرا میں عوام بڑی بے چینی سے بی آر ایس کا انتظار کررہی ہے۔ گذشتہ دنوں بڑے پیمانہ پر میرا والہانہ استقبال کیا گیا اور قومی سیاست میں داخلہ پر خوشی و مسرت کا اعلان کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے آج شام ضلع کلکٹر نرمل کی نوتعمیر شدہ عمارت کے افتتاح کے بعد ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب میں کیا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ آج متحدہ ضلع کے چار اضلاع بنائے گئے جو تیزی سے ترقی کی سمت گامزن ہے۔ نرمل، منچریال، آصف آباد ان تینوں اضلاع میں حکومت نے میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا ہے۔ ان کالجس کے آغاز کے ساتھ ہی ملٹی اسپیشالیٹی ہاسپٹل بن جائے گا۔ عوام کو علاج کیلئے حیدرآباد کا رخ نہیں کرنا ہوگا۔ ریاستی وزیر نے بھی مجھ کو ضلع میں انجینئرنگ کالج کی طرف توجہ دلائی ہے۔ ریاستی وزیر اے اندرا کرن ریڈی کو اجازت دیتا ہوں کہ وہ کس جگہ کالج قائم کرنا چاہتے ہیں نشاندہی کریں میں کالج کی منظوری دونگا۔ انہوں نے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ دھرانی پورٹل کی مخالفت کرکے مسترد کرنے کی بات کررہی ہے جبکہ سابق میں محکمہ مال VRO کی دھاندلیاں آپ سب دیکھ چکے ہیں۔ کانگریس پر نظر ڈالیں کب برقی چل جاتی تھی یہ کوئی نہیں جان سکتا تھا۔ آج کسانوں کے چہروں پر مسکراہٹ ہم نے بکھیری ہے۔ اگر لوگ کانگریس کی باتوں میں آئیں گے تو ایک بار تلنگانہ میں اندھیرا ہوجائے گا۔ حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئی اقدامات کررہی ہے۔ ہر گاؤں میں دھان کی خریدی کیلئے سنٹرس قائم کئے گئے ۔ آئندہ انتخابات کے بعد ہر تعلقہ میں فوڈ پراسسنگ انڈسٹری قائم کرنے لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے۔ غریب عوام کو مکان کی تعمیر کیلئے 3 لاکھ روپئے منظور کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے جلسہ میں نرمل، مدہول، خانہ پور بلدیہ کیلئے ترقیاتی کاموں کو فی بلدیہ 25 کروڑ روپئے منظور کرنے کا اعلان کرکے 396 گرام پنچایتوں میں ترقیاتی کاموں کیلئے ہر گرام پنچایت سے 10 لاکھ روپئے کی منظوری کا اعلان کیا۔ گذشتہ ماہ ایس ایس سی نتائج میں ضلع نرمل کا پہلا مقام حاصل ہونے پر کے سی آر نے تمام طلباء و طالبات، سرپرستوں، قائدین اور عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ کچھ دیر کے سی آر نے اردو میں تقریر کی اور کہا کہ حکومت سماج کے ہر طبقہ کی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔ آج شادی مبارک اسکیم ہو کہ ڈبل بیڈروم ہو ہر طبقہ کو مطمئن کرکے بی آر ایس حکومت آگے بڑھ رہی ہے۔ آئندہ بھی تمام طبقات کیلئے مثالی کام انجام دیئے جائیں گے۔ آپ ہمارا ساتھ دیں۔ قبل ازیں ریاستی وزیر اے اندراکرن ریڈی نے بھی جلسہ سے خطاب کیا۔ شہ نشین پر ریاستی وزیر پرشانت ریڈی، چیف سکریٹری کے علاوہ متحدہ ضلع کے تمام ٹی آر ایس اراکین اسمبلی موجود تھے۔