عوام کو سماجی دوری بنائے رکھنے کا مشورہ: رکن اسمبلی راجندر ریڈی

   

نارائن پیٹ کے مختلف محکمہ جات میں میڈیکل کٹس کی تقسیم
نارائن پیٹ۔/3 اپریل،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندرر یڈی نے نوادیا ہاسپٹل جو ان کی ملکیت ہے ، نارائن پیٹ ضلع کے تمام محکمہ جات کے ملازمین کیلئے میڈیکل کٹس کی تقسیم کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے ضلع کلکٹریٹ نارائن پیٹ میں نوادیا ہاسپٹل کے میڈیکل کٹس کے ایک بڑے اسٹاک کو ضلع کلکٹر محترمہ ہری چندنا داسری کے حوالے کیا۔ اس موقع پر نائب صدر نشین بلدیہ مسٹر ہری نارائن نے اپنی جانب سے کورونا ریلیف فنڈ ( سی ایم ریلیف فنڈ) میں دو لاکھ روپئے کا چیک ضلع کلکٹر کے حوالے کیا اور نارائن پیٹ صراف بازار اسوسی ایشن کی جانب سے ایک لاکھ روپئے کا بھی چیک حوالے کیا گیا۔ اس موقع پر ایس پی نارائن پیٹ محترمہ ڈاکٹر ایم چیتنا، صدر نشین زرعی مارکٹ کمیٹی ، صدرنشین بلدیہ مسٹر چندرا کانت، صدر ٹی آر ایس مسٹر راج وردھن ریڈی، آر ڈی او نارائن پیٹ مسٹر سرینواسلو و دیگر محکمہ جات کے عہدیداران اور پارٹی کارکن و قائدین موجود تھے۔ اس موقع پر مسٹر ایس راجندر ریڈی نے عوام کو سماجی دوری بنائے رکھنے اور اپنے گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا۔ضلع کلکٹر شریمتی ہری چندنا نے بتایا کہ ضلع نارائن پیٹ میں کورونا وائرس کا کوئی مثبت کیس نہیں پایا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آزمائش کی اس گھڑی میں لاک ڈاؤن میں حکومت کا تعاون کریں۔