عوام کو گرمی سے محفوظ رہنے کیلئے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی

   

دواخانوں میں طبی امداد کی فراہمی کے انتظامات ، اسکولی طلبہ سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں
حیدرآباد۔16اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گرمی کی شدت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے پیش نظر محکمہ صحت نے ریاست بھر کے تمام دواخانوں میں لو لگنے کے متاثرین کو فوری ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور عوام کے لئے گرمی سے محفوظ رہنے کے لئے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں موسم گرما کے دوران احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔ حکومت نے محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی کو دیکھتے ہوئے ریاست کے ان اضلاع میں جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کررہا ہے ان اضلاع میں ضلع کلکٹرس کو اس بات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ گرما سے محفوظ رہنے کے لئے عوام میں شعور بیدار کرنے کے علاوہ گرمی یا لو لگنے سے متاثر ہونے والوں کے لئے فوری ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے لئے اقدامات کو یقینی بنائیں ۔بتایاجاتاہے کہ ریاستی حکومت نے محکمہ صحت کو اس بات کی تاکید کی ہے کہ وہ صورتحال پر گہری نظر رکھتے ہوئے حالات کو قابو میں رکھنے کے اقدامات کریں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ ریاست کے بیشتر اضلاع بشمول حیدرآباد وسکندرآباد کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 41 تا44 ڈگری سیلسیس تک بھی پہنچنے لگاہے اسی لئے کئی اضلاع میں عوام کو یہ مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ 11تا4بجے کے دوران گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں حالانکہ ریاست بھر میں تعلیمی سال کے آخری ایام جاری ہیں اور 24 اپریل کو تعلیمی سال کا آخری دن ہے اسی لئے معصوم اسکولی بچوں کو امتحانات کے لئے دن کے اوقات میں اسکول پہنچنا ان کی مجبوری بن چکا ہے اور شدید دھوپ کے اوقات میں ان کی واپسی انہیں گرمی اور لو سے متاثر کرنے کا سبب بن سکتی ہے ۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں کلکٹرس کے ذریعہ 11 تا4 بجے کے درمیان گھروں سے نہ نکلنے کے مشورے جاری کروائے جا رہے ہیں لیکن معصوم طلبہ کو ہونے والی مشکلات کے سلسلہ میں محکمہ صحت یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی فیصلہ نہیں کیا جا رہاہے جو اسکولی طلبہ اور اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ یا طلبہ کی آمد و رفت انجام دینے والوں کی صحت کو مستحکم رکھنے میں معاون ثابت ہوسکے۔3/m/b