عوام کے سی آر کو ملک کا وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں : جی کملاکر

   

بلدی انتخابات میں کامیابی کے ٹی آر کی مساعی کا نتیجہ، چیف منسٹر کی ذمہ داری قبول کرنے کا مشورہ
حیدرآباد 30 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بہبودی پسماندہ طبقات جی کملاکر نے کہاکہ بلدی انتخابات میں پارٹی کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرتے ہوئے کے ٹی آر نے خود کو کے سی آر کا حقیقی جانشین ثابت کردیا ہے۔ کملاکر نے کہاکہ جس طرح کے سی آر نے سیاسی میدان میں ہمیشہ کامیابی حاصل کی اُسی طرح کے ٹی آر بھی پارٹی کی قیادت کرتے ہوئے ہر سطح پر کامیابی سے ہمکنار کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مجالس مقامی کے انتخابی نتائج ملک بھر میں مثالی ہیں۔ حکومت کی بہتر کارکردگی کے نتیجہ میں عوام نے ٹی آر ایس کی تائید کی۔ کے ٹی آر کے وزیر بلدی نظم و نسق کی حیثیت سے بہتر کارکردگی کا ثبوت مجالس مقامی کے نتائج ہیں۔ آزادی کے بعد سے کسی بھی پارٹی کے حق میں اس طرح نتائج نہیں رہے۔ چیف منسٹر کے سی آر اور ورکنگ پریسڈنٹ کے ٹی آر نے پارٹی کو مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں دیگر پارٹیوں کی طرح ٹی آر ایس میں قیادت کا کوئی فقدان نہیں ہے۔ کے سی آر پارٹی کے واحد لیڈر ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس نے ہمیشہ تمام طبقات کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ سماجی انصاف کا مظاہرہ بلدی انتخابات میں دیکھا گیا جہاں خواتین اور پسماندہ طبقات کو مؤثر نمائندگی دی گئی۔ کانگریس جو 100 سالہ تاریخ رکھتی ہے اُس کا کریم نگر سے صفایا ہوگیا جو ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے۔ کملاکر نے کہاکہ بی جے پی اور کانگریس نے ٹی آر ایس کو شکست دینے کے لئے خفیہ سمجھوتہ کرلیا تھا۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ آئندہ 40 برسوں تک ٹی آر ایس کا اقتدار برقرار رہے گا۔ ملک کے عوام کے سی آر کو وزیراعظم کی حیثیت سے دیکھنا چاہتے ہیں۔ ملک کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے کے سی آر موزوں وزیراعظم بن سکتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کے ٹی آر کو ریاست کے چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھال لینی چاہئے کیوں کہ عوام بھی یہی چاہتے ہیں۔