عوام ’’ ہتیلی میں جنت‘‘ دکھانے والی کانگریس کو شکست دیں: کے ٹی آر

   

بیروزگاری بھتہ سے انحراف ، جاب کیلنڈر ہنوز جاری نہیں کیا گیا، ٹیٹ امتحان کی فیس میں اضافہ کی مذمت
حیدرآباد۔ 19 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے ’’ہتیلی میں جنت‘‘ دکھاکر اقتدار حاصل کرنے والی کانگریس پارٹی کو لوک سبھا انتخابات میں شکست دینے کی عوام سے اپیل کی۔ کے ٹی آر نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 100 دن میں 6 گیارنٹیز پر عمل کرنے کا وعدہ کیا گیا لیکن حکومت کے 120 دن مکمل ہونے کے باوجود وعدوں پر عمل آوری نہ کرتے ہوئے عوام سے دغا بازی کی جارہی ہے۔ کانگریس قائد پرینکا گاندھی تلنگانہ میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 4 ہزار روپئے بیروزگاری بھتہ دینے کا وعدہ کیا تھا، جس پر 4 ماہ گذر جانے کے باوجود عمل آوری شروع نہیں ہوئی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے یکم فروری کو ملازمتوں کی فراہمی کیلئے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا تمام اخبارات میں فل پیج اشتہار دیتے ہوئے وعدہ کیا تھا لیکن آج تک جاب کیلنڈر جاری نہیں کیا گیا۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں تقرر کردہ 30 ہزار ملازمین نے صرف تقرر نامے حوالے کرتے ہوئے کانگریس حکومت کو اس کو خود کا کارنامہ ثابت کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ تمام مسابقتی امتحانات مفت منعقد کرنے کا کانگریس پارٹی نے وعدہ کیا تھا، لیکن اقتدار حاصل کرتے ہی ان وعدوں سے انحراف کیا گیا۔ کانگریس حکومت نے ٹیٹ کی فیس کو 400 روپئے سے بڑھاکر 2 ہزار روپئے تک پہنچا دیا ہے۔ اس طرح سماج کے ہر طبقے کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا گیا ہے، لہذا عوام لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو شکست دیتے ہوئے بی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ 2