عہدیداروں کو اس سال حج کی اجازت نہیں

   

مکہ۔سعودی وزیر حج ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کا پہلا فیصلہ یہ تھا کہ اس سال کسی کو حج میں استثنیٰ نہ دیا جائے اوراس سال کوئی بھی عہدیدار حج نہ کرے۔ اس فیصلے پر عمل کیا جا رہا ہے۔ویب سائٹ کے مطابق وزیر حج و عمرہ نے مطلع کیا ہے کہ شاہی حکم کی تعمیل میں کسی عہدیدار کو حج کرنے کا موقع دیا جائے گا اور نہ کسی کو حج کے سلسلے میں استثنیٰ دیا جا رہا ہے۔وزیر حج نے مزید کہا کہ حج پر جانے والوں کا انتخاب شفاف طریقے سے کیا گیا ہے۔ حج حفظان صحت کے ضوابط کے مطابق ہوگا۔ سب سے بڑا ہدف حج کرنے والوں اور ان کے خدمت گاروں کی صحت وسلامتی کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حج موسم میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ سعودی عرب گزشتہ دس برسوں کے دوران 150 ملین سے زیادہ حج و عمرہ عازمین کی خدمت کا اعزاز حاصل کر چکا ہے۔ حج انتظام کا وسیع اور گہرا تجربہ حاصل ہے۔