عید الاضحیٰ پرگھروں اور کھلے میں قربانی پر پابندی!، ہندی اخبار کی خبر پر مسلمانوں میں بے چینی

   

نئی دہلی: عید الاضحی کے پیش نظر قربانی کے حوالہ سے ایک ہندی اخبار میں شائع ہونے والی خبر سے مسلمانوں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ خبر کے مطابق حکومت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر گھروں اور کھلے میں جانوروں کی قربانی پر پابندی عائد کر دی ہے اور قربانی صرف اور صرف مذبح خانہ میں ہی کی جا سکے گی۔ یہ خبر ہندو روزنامہ ’دینک بھاسکر‘ میں شائع ہوئی ہے اور یہ تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔عید الاضحیٰ اور قربانی کے تعلق سے جب مرکزی وزیر مختار عباس نقوی سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جو جواب دیا اس نے صورت حال کو صاف کرنے کے بجائے مزید الجھا دیا ہے۔ مختار عباس نے کہا کہ قربانی کے تعلق سے جس طرح کے فرمان کی بات کی جا رہی ہے ویسا فرمان مرکزی حکومت جاری نہیں کرتی، ہاں اگر ریاستی حکومت جاری کرنا چاہے تو کر سکتی ہے۔دریں اثنا، دہلی کی فتح پوری مسجد کے امام مولانا مفتی محمد مکرم احمد نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس معاملہ میں صورت حال کو واضح کیا جائے۔