عید الفطر : وادی کشمیر کے بازاروں میں دوسرے روز بھی گہما گہمی

   

سری نگر: جموں وکشمیر کے گرمائی دارلحکومت سری نگر کے سیول لائنز میں ہر اتوار کو لگنے والا مشہور سنڈے مارکیٹ میں عید الفطر کے پیش نظر لوگوں کی بڑی تعداد نے جم کر خریداری کی ۔ روایتی سنڈے مارکیٹ میں لوگوں کی غیر معمولی بھیڑ بھاڑ کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ اکثر اے ٹی ایم مشینیں دوپہر کے بعد ہی خالی ہوگئی تھیں۔شہر سری نگر کے ٹی آر سی گراونڈ سے ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ تک لگنے والے روایتی سنڈے مارکیٹ میں حسب معمول لوگوں کا اژدھام امڈ آیا تھا، بھیڑ بھاڑ کا یہ عالم تھا کہ گاڑیوں کا ہی جام نہیں بلکہ راہگیروں کا بھی جام لگ گیا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ مختلف اشیائے ضروریہ خاص کر ملبوسات اور گھریلو ساز وسامان خریدنے کے لئے لوگوں کی بھیڑ کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ دوپہر تک بیشتر اے ٹی ایم مشینوں میں پیسے ختم ہوئے تھے ۔سویٹر بیچنے والے ایک ریڑا بان نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ عید الفطر کے پیش نظر وادی کے اطرا ف واکناف سے لوگ خرید و فروخت کی خاطر سنڈے مارکیٹ آئے ہوئے تھے ۔ادھر سنڈے مارکیٹ کے پیش نظرٹی آر سی کراسنگ سے لے کر ہر ی سنگھ ہائی اسٹریٹ تک جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔