فرقہ پرست طاقتیں سیاسی مفادات کے لیے ہندو مسلم اتحاد کو نقصان پہنچا رہی ہیں
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی و سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ عیدیں اور تہوار سیکولرازم کی پہچان کے ساتھ ہماری تہذیب کا حصہ ہے ۔ مگر فرقہ پرست طاقتیں زہر پھیلاتے ہوئے ہندو مسلم اتحاد کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہی ہیں ۔ سدی پیٹ میں منعقدہ عید ملاپ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر سابق ایم ایل سی محمد فاروق حسین کے علاوہ بی آر ایس کے دوسرے قائدین موجود تھے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں اس وقت کے چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ میں گنگا جمنی تہذیب کو بڑے پیمانے پر فروغ دیا ہے ۔ عیدیں اور تہواروں کو سرکاری طور پر منعقد کیا گیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ عید و تہوار کو مذہب سے بالاتر ہو کر منایا گیا ۔ اُگادی کے تہوار پر مسلمانوں نے ہندوؤں کے گھروں کو پہونچکر ملاقات کی ۔ دوسرے دن عید الفطر کے موقع پر ہندوؤں نے مسلمانوں کے گھر پہونچکر ان سے ملاقات کی ۔ یہ تلنگانہ کا کلچر ہے ۔ جہاں ہندو مسلم ایک دوسرے کے ساتھ شیر و شکر کی طرح رہتے ہیں اور حکومتوں کی بھی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ سماج کے تمام طبقات کی مساوی ترقی اور بہبود کے لیے کسی کے ساتھ کوئی بھید بھاؤ نہ کریں ۔ کے سی آر نے ہندوؤں کی ترقی کے لیے جتنا کام کیا اتنا ہی کام مسلمانوں کی ترقی کے لیے کیا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سیکولرملک میں ہم سب ایک ساتھ رہ رہے ہیں ۔ دکھ درد میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں ۔ مگر چند فرقہ پرست طاقتیں اپنے سیاسی مفادات کی تکمیل کے لیے مذہب کو سیاست سے جوڑ کر زہر پھیلا رہے ہیں ۔ نفرت کو فروغ دے رہے ہیں جس کی وہ اور بی آر ایس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے تمام لوگوں کو آپس میں مل جل کر صبر وتحمل سے رہتے ہوئے ملک اور ریاست کی ترقی میں مکمل تعاون کرنے کی اپیل کی ۔۔ 2