عید کیلئے شہر میں بکروں کی فروخت کا امکان نہیں

   

کورونا سے متاثرہ پڑوسی ریاستوں سے جانور کی منتقلی سے گریز

حیدرآباد۔عید الاضحی کے لئے جانوروں کے بازاروں میں بھی سابق کی طرح کوئی رونق دیکھے جانے کا امکان نہیں ہے کیونکہ شہر حیدرآباد میں مہاراشٹرا اور ملک کی دیگر ریاستوں میں عید الاضحی کے موقع پر فروخت کے لئے لائے جانے والے جانوروں کی آمد کی توقع نہیں ہے۔ شہر حیدرآباد میں عید الاضحی کے دوران راجستھان‘ اڈیشہ‘ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے علاوہ دیگر ریاستوں سے بکرے اور بڑے جانور لائے جاتے تھے لیکن اس مرتبہ کورونا وائرس کی وباء کے سبب بازاروں میں جانور کی تعداد کم رہنے کا خدشہ ہے اور کہا جا رہاہے کہ جن ریاستوں میں کورونا وائرس کے اثرات زیادہ ہیں ان ریاستوں سے بکروں کو لانے میں گریز کیا جائے گا اور حکومت کی جانب سے بھی جانوروں کی منتقلی پر روک لگانے کے اقدامات کئے جانے کا امکان ہے کیونکہ جانوروں کے ساتھ جو لوگ آئیں گے وہ بکروں کی فروخت کے دوران ہزاروں شہریوں سے رابطہ میں آتے ہیں اسی لئے انہیں روکنے کے قوی امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ ان ریاستوں سے شہر کوجانور نہ پہنچنے کی صورت میں جانوروں کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ ریکارڈ کیا جاسکتا ہے اور شہر میں شجن مقامات پر جانوروں کی فروخت کے لئے بازار لگائے جاتے ہیں ان مقامات پر شہریوں کو سماجی فاصلہ کی برقراری کے علاوہ دیگر امور کا خصوصی خیال رکھنے کی تاکید کی جائے گی۔ شہریوں کا کہناہے کہ اگر قربانی کیلئے جانور حاصل کرلئے جائیں تو قربانی کیلئے قصاب کے بھی مسائل ہوں گے کیونکہ ایک قصاب ایک گھر میں نہیں بلکہ کئی گھروں میں پہنچ کرقربانی کے بعد جانورکی صفائی اور اسے کاٹنے کا عمل انجام دیتا ہے اور گوشت کی تقسیم کے لئے جگہ جگہ گھومنا بھی پڑتا ہے اسی لئے کورونا وائرس کی وباء کے اس دور میں شہریوں کو بھی قربانی کا عمل گراں محسوس ہورہا ہے علاوہ ازیں جانوروں کی قیمت میں بھی اضافہ کے خدشات پائے جانے لگے ہیں ۔شہر میں قربانی کے جانور کی فروخت میں احتیاط کے امکانات بھی نہ ہونے کے سبب تاجرین اس مرتبہ جانوروں کی تجارت سے گریز کا ارادہ ظاہر کر رہے ہیں۔