عیسائی چرچس پر حملوں کے واقعات پر تشویش

   

صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین کا دورۂ ورنگل، عہدیداروں سے ملاقات
حیدرآباد۔19 اپریل (سیاست نیوز) ورنگل رورل کے دو علاقوں میں اشرار کی جانب سے چرچس پر حملوں کے واقعات کی شکایت ملنے پر صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین نے ورنگل کا دورہ کیا اور اعلی عہدیداروں کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے چرچس کی حفاظت اور عیسائی طبقے کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے ضلع کلکٹر اور پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ضلع میں وردناپیٹ منڈل اور ماچا پور تانڈا میں 16 اپریل کو 2 عیسائی چرچس پر حملے کیئے گئے تھے۔ اس دورے میں صدر نشین محمد قمرالدین کے ہمراہ نائب صدرنشین بی شنکر لوکے رکن کمیشن بی کٹیا موجود تھے۔ ضلع کلکٹر شریمتی ہریتا آر ڈی او مہیندر راج اور ڈی ایس پی شام سندر نے صدرنشین اقلیتی کمیشن کو بتایا کہ حملے کے واقعات کے سلسلہ میں تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی کمیشن کو رپورٹ روانہ کی جائے گی۔ ضلع کلکٹر نے صدرنشین سے خواہش کی کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے اختتام کے بعد ضلع کا دوبارہ کریں کیوں کہ جن علاقوں میں یہ واقعات پیش آئے ہیں وہ انتہائی حساس ہیں۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن نے کلکٹر سے خواہش کی کہ وہ عیسائی چرچس اور عیسائی طبقے کے عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی کمیشن ان واقعات کے سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کرے گا۔ بعد میں محمد قمرالدین نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں اقلیتی طبقات پر حملوں کے واقعات افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس خاطیوں کے خلاف سختی سے کارروائی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹر اور پولیس عہدیداروں نے تمام احتیاطی اقدامات کا یقین دلایا۔ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر سوامی نے اقلیتی کمیشن کے وفد کا استقبال کیا۔