غریبوں سے لوٹ اور سرمایہ داروں کو چھوٹ ‘ مودی حکومت کی پالیسی

,

   

کپڑوں پر جی ایس ٹی میں اضافہ کی کوشش ۔راہول گاندھی کا الزام ۔ حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا عزم

نئی دہلی : کیا مودی حکومت جی ایس ٹی بڑھانے کی تیاری کر رہی ہے؟ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے ایسے ہی اشارے دیتے ہوئے حکومت پر حملہ کیا۔ راہول نے لکھا کہ سرمایہ داروں کو چھوٹ دینے اور عام لوگوں کو لوٹنے کی ایک اور مثال دیکھیں۔ ایک طرف، انکم ٹیکس کارپوریٹ ٹیکس کے مقابلے میں مسلسل بڑھ رہا ہے۔دوسری جانب مودی حکومت گبر سنگھ ٹیکس سے مزید وصولی کی تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر لکھا کہ پتہ چلا کہ جی ایس ٹی سے لگاتار بڑھتی وصولی کے درمیان حکومت نیا ٹیکس سلیب متعارف کرانے جارہی ہے۔ اس کے ذریعہ عوام کی ضرورت کی چیزوں پر جی ایس ٹی بڑھانے کا منصوبہ ہے۔شادیوں کا سیزن ہے۔ کب سے لوگ ایک ایک پیسہ جوڑ رہے ہونگے اور حکومت 1500 روپے سے زائد کے کپڑوں پر جی ایس ٹی 12 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے جا رہی ہے۔ یہ بڑی ناانصافی ہے۔ ارب پتیوں کو ٹیکس میں چھوٹ دینے اور ان کے بھاری قرضے معاف کرنے غریب اور متوسط خاندانوں کی محنت کی کمائی ٹیکسوں سے لوٹی جا رہی ہے۔راہول گاندھی نے لکھا کہ ہماری لڑائی اس ناانصافی کے خلاف ہے۔ ہم عام لوگوں پر ٹیکس کے بوجھ کیخلاف آواز اٹھائیں گے اور حکومت پر اس لوٹ مار کو روکنے دباؤ ڈالیں گے ۔ راہول کے اس پوسٹ کے بعد پھر جی ایس ٹی پر بحث شروع ہو گئی ۔ سی بی آئی سی نے جی ایس ٹی شرحوں میں تبدیلی کی قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا تھا۔ حال میں،جی ایس ٹی کی شرحوں میں تبدیلی پر قیاس آرائیوں کو سنٹرل بورڈ آف بالواسطہ ٹیکس اور کسٹمز نے مسترد کر دیا۔