غریبوں کیلئے سستے کرائے کے مکانات کی اسکیم کا اعلان

   

حیدرآباد۔15 مئی (سیاست نیوز) اقتصادی محرک پیاکیج کی دوسری کھیپ کی تفصیلات دیتے ہوئے وزیر فینانس نرملا سیتا رامن نے پردھان منتری آواس یوجنا (پی ایم اے وائی) کے تحت بیرونی ریاستوں کے مزدوروں سمیت شہری غریبوں کے لئے سستے کرائے پر مکانات کی اسکیم کا اعلان کیا۔اس اسکیم کے تحت شہری علاقوں میں حکومت کے تعاون سے فراہم کئے جانے مکانات کو سستی رینٹل ہاؤسنگ کمپلیکس (اے آر ایچ سی) میں تبدیل کیا جائے گا۔ یہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کے ذریعے ہوگا۔ خالی پڑے سرکاری ہاؤسنگ کمپلیکس کو مذکورہ اسکیم کے تحت کرائے کے مکانات میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ اسے مزدوروں اور غربا کو رعایتی نرخوں پر کرایہ پر دیا جاسکے۔نرملا سیتا رامن نے کہا کہ چونکہ مہاجر مزدوروں اور شہرمیں موجود غریبوں کو سستے کرایے پر مکانات حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، اس لئے یہ اسکیم لائی گئی ہے۔ماہرین نے کہا ہے کہ سرکاری اور خانگی شراکت کے ذریعے شہروں میں سرکاری مالی امداد سے چلنے والے مکانوں کو سستے رینٹل ہاؤسنگ کمپلیکس میں تبدیل کیا جارہا ہے ۔