غریبوں کی دشمن مودی حکومت سے عوام بدظن : مایاوتی

   

دوسروں کو جھوٹا کہنے والے اپنے آپ پر نظر کیوں نہیں ڈالتے ؟
لکھنؤ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے ہفتہ کو بتایا کہ ہندوستان کے عوام ’’غریبوں کی دشمن مودی حکومت کی دوبارہ اقتدار پر واپسی کو پسند نہیں کرتے۔ مایاوتی نے کہا کہ ’’بی جے پی کے دعوے اور اس کے وعدے صرف ’’ہوا ہوائی‘‘ ہیں۔ ان کے اعلانات عوام کو دھوکہ دینے کیلئے ہیں۔ بی جے پی کے تمام اعداد و شمار سفید جھوٹ ہیں۔ بی جے پی کی حکومت جھوٹوں کی سردار اور ڈرامہ نگار ہے۔ مایاوتی نے بی جے پی کے 2014ء کے نعرے ’’اب کی بار مودی سرکار‘‘ اور 2019ء کے نعرے ’’پھر ایک بار، مودی سرکار‘‘ پر سخت نکتی چینی کی۔ مایاوتی نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اور مرکز دو مقامات پر بی جے پی برسراقتدار ہے۔ اس کے باوجود بھی اترپردیش کی غربت، بیروزگاری اور پسماندگی میں کمی نہیں ہوئی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا مودی عوام کی آنکھ سے آنکھ ملاکر اس سوال کا جواب دے سکتے ہیں؟ انہوں نے دریافت کیا کہ انہیں دوسروں کو ’’جھوٹا‘‘ کہنے کی عادت ہے۔ یہ لوگ کیوں خود اپنے آپ پر نظر نہیں ڈالتے؟‘‘