غریب عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی ترجیح

   

وزیر صحت کی حیثیت سے جائزہ لینے کے بعد ایٹالہ راجندر کا بیان
حیدرآباد۔ 28 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں غریب عوام کیلئے معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ وزیر صحت کی حیثیت سے عہدے کا جائزہ لینے کے بعد ایٹالہ راجندر نے اس خیال کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر محکمہ کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ تلنگانہ کابینہ میں دوسری مرتبہ وزارت کا موقع پانے والے ایٹالہ راجندر سابق میں وزیر فینانس تھے اور اس مرتبہ صحت کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی طبی خدمات کیلئے چیف منسٹر نے جو خواب دیکھا ہے اور خدمات کا جو ارادہ کیا گیا ہے، وہ اس کو پورا کرنے جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی ہدایت ہے کہ اخراجات کی پرواہ کئے بغیر غریب عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کیرالا اور ٹاملناڈو سرفہرست ہیں، تاہم اب بہترین خدمات کے ذریعہ عوام کی مفت طبی سہولیات کے معاملے میں تلنگانہ کو سرفہرست لایا جائیگا۔ وزیر صحت نے ڈاکٹروں پر حملہ کے واقعات کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ ڈاکٹروں پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ آپ کی صحت کا خیال رکھتے ہی ان پر حملہ بدبختانہ کارروائی ہوگی۔ انہوں نے جونیر ڈاکٹرس سے درخواست کی کہ وہ اپنی ہڑتال سے دستبردار ہوجائیں۔