غزہ میں اسرائیل کی تازہ بمباری‘ شہدا کی تعداد 240 ہوگئی

,

   

شام اورلبنان پر بھی حملے‘ تین لبنانی شہری شہید‘حزب اللہ اور حماس کی جوابی کاروائی
غزہ :اسرائیل نے 7 روزہ عارضی جنگ بندی کے بعد غزہ پرکل سے دوبارہ بمباری شروع کردی اورجنگ کا دائرہ خطہ میں پھیلانے کی کوشش شروع کرتے ہوئے شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافاتی علاقے اور لبنانی سرحد پر بھی حملے کردیے۔شامی علاقے پر اسرائیلی حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے روس کا کہنا ہے کہ کہ دمشق پر اسرائیلی حملہ شام کی خودمختاری اورعالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ اسرائیلی افواج کی جانب سے لبنانی سرحد کوبھی نشانہ بنایا گیا جس میں 3 لبنانی شہری شہید ہوگئے۔ اسرائیلی حملوں کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے حزب اللہ نے بھی ایک گھنٹے میں اسرائیل پر 5 حملے کردیے۔دوسری جانب غزہ میں 7 روزہ عارضی جنگ بندی کے بعد اسرائیل افواج نے ایک بار پھر بربریت کا مظاہرہ شروع کردیا۔ اسرائیلی بمباری سے صحافیوں سمیت 240 افراد شہید جبکہ 600 سے زائد زخمی ہوگئے۔اسرائیل نے خان یونس اور رفح سمیت مختلف علاقوں میں 200 سے زائد مقامات پر بمباری کے علاوہ رفح کے راستے فلسطینیوں کی امداد بھی بند کردی۔غزہ پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں حماس نے بھی اسرائیلی شہروں پردرجنوں جوابی راکٹ حملے کیے جس کے باعث تل ابیب میں بھی سائرن بج اٹھے۔ادھر اسرائیلی افواج نے حملے کرکے خود اپنے ہی یرغمالی شہریوں کو بھی قتل کردیا۔ اسرائیل نے حماس کی قید میں موجود 6 یرغمالیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔بفرزون بنانے کی آڑ میں اسرائیل کی جانب سے شمالی غزہ پر قبضے کی بھی کوشش شروع کردی گئی ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ عرب ممالک کو غزہ میں بفرزون بنانے کے منصوبے سے آگاہ کردیا ہے۔فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس کے مشرقی علاقے پر بمباری کی اور غزہ کے مغربی علاقے میں بھی بمباری کی جارہی ہے جب کہ غزہ پر اسرائیلی جاسوس طیارے نچلی پروازیں کررہے ہیں۔