غزہ میں طبی سامان بھجوانے پررشی سونک نے اردن کی ستائش کی

   

لندن: برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے اردن کی ان کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے جو اردن نے غزہ میں طبی امدادی سامان بھجوانے کیلئے کی ہیں۔ اس امر کا اظہار برطانوی وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کیا گیا ہے۔ بیان اردن کے شاہ عبداللہ کی ملاقات کے بعد جاری کیا گیا۔شاہ عبداللہ امریکہ کے دورے کے بعد برطانیہ پہنچے جہاں انہوں نے برطانوی وزیر اعظم سے ملاقات کی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔اردن کے سرکاری ٹی وی سے ایک ویڈیو بھیی نشر کی گئی ہے جس میں شاہ ایک اردنی طیارے پر سوار ہیں اور فضا سے غزہ میں طبی سامان گرا نے کی اردن کوشش میں شامل ہیں۔
اردن کی طرف سے یہ سامان غزہ میں کام کرنے والے اردنی فیلڈ ہاسپٹل کیلئے پھینکا گیا تھا۔ملاقات کے دوران رشی سونک نے اردن کی اس نئے انداز کی کوشش کے ذریعے غزہ میں زندگی بچانے والی ادویات پہنچانے کی کوششوں کو سراہا۔ اس سے قبل رشی سونک نے نتن یاہو کو فون کر کے غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل کیلئے کرم شالوم راہداری کھولنے کیلئے بھی کہا۔