غزہ میں 24گھنٹوں میں 180سے زائد فلسطینی شہید

,

   

غزہ: قابض صیہونی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں، 24 گھنٹوں میں 180سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا۔ اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں شہدا کی تعداد 21 ہزار 507تک پہنچ گئی ،غزہ میں نصائرت کیمپ، خان یونس اور رفح سمیت دیگر علاقوں پر اسرائیلی حملوں سے مزید کئی فلسطینی شہید اور زخمی ہو گئے۔ نصائرت اور المغازی پناہ گزین کیمپ پر بمباری سے 35 افراد شہید ہوئے جبکہ کویتی ہسپتال کے قریب حملے میں 20افراد شہید ہو ئے،اسرائیلی افواج کی جانب سے اقوام متحدہ کی امدادی کھیپ پر بھی فائرنگ کی گئی۔ گزشتہ 12 ہفتوں کے دوران غزہ کی پٹی میں ہر طرف بکھرے سفید کفن ان شہریوں کی موت کی علامت بن گئے ہیں۔غزہ کی تباہ حال عمارتوں کے ملبے تلے کئی افراد موجود ہیں جبکہ جنگ سے تباہ حال فلسطینیوں کو ملبہ ہٹانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اسرائیلی حملوں میں اب تک 56ہزار کے قریب فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تعداد بچوں اورخواتین کی ہے ، بین الاقوامی تنظیم ہلال احمر نے خان یونس کے علاقہ میں رہائشی عمارت پر حملے کے بعد زخمی بچوں کو طبی امداد کیلئے ایمبولینسوں میں منتقل کرنے کی ویڈیو شیئر کر دی۔ اقوام متحدہ کے ایڈ چیف مارٹن گریفتھس نے امدادی قافلے پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے امدادی رضاکاروں پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔