غزہ پر اسرائیلی حملے،تاحال27585 ہلاکتیں

   

غزہ: اسرائیل کے غزہ پر حملوں میں جاں بحق ہوئے فلسطینیوں کی تعداد 27585 ہو چکی ہے ۔ غزہ میں فلسطینی امور صحت نے اسرائیل کے غزہ پر حملوں کے 123 ویں روز سے متعلق تفصیلات جاری کی ہیں۔ غزہ کی پٹی پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں107 افراد ہلاک اور 143 زخمی ہو چکے ہیں جن کے بعد 7 اکتوبر سے جاری حملوں میں جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد27585اور زخمیوں کی 66978 ہو چکی ہے ۔اس دوران اسرائیل کے 7 اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر جارحانہ حملوں سے تقریباً ایک لاکھ افراد ہلاک، زخمی یا لاپتہ ہیں۔اقوام متحدہ کی مشرقِ قریب میں فلسطینی مہاجرین کی امداد و آباد کاری ایجنسی کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے ایکس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے بیان میں اس طرف توجہ مبذول کرائی ہے کہ غزہ کی 80 فیصد سے زیادہ آبادی بے گھر ہو چکی ہے ۔اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ غزہ میں 17 ہزار بچے عدم تحفظ کے شکار ہیں یا اپنے والدین کے ساتھ نہیں لازارینی نے کہا:”غزہ میں 4 ماہ کی جنگ کے دوران، تقریباً ایک لاکھ لوگ مارے گئے ، زخمی ہوئے یا تا حال لاپتہ ہیں۔ یہ آبادی کے تقریباً 5 فیصد کے مساوی ہے ۔ آپ آسانی سے سمجھ سکتے ہیں کہ آپ کے شہر یا ملک میں اس کا کیا مطلب ہے ۔اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ غزہ میں تنازعات جاری ہیں، لازارینی نے کہا، “جنگ بلا روک ٹوک جاری ہے ، لیکن اس جنگ کا کوئی فاتح نہیں ہوگا، صرف درد، مصائب اور غم ہی ہوں گے ، یہ جنگ بندی کا وقت ہے ۔ غزہ، اسرائیل، خطے اور دیگر علاقوں میں بنی نو انسانوں کی اچھائی کے لیے ہمیں ایک مختلف راستہ اختیار کرنا چاہئے ۔