غیر قانونی پٹہ پر ایک رات میں کارروائی کا کے سی آر کو اعزاز ! اوقافی اراضی پر قابض وزیر کی برطرفی میں آخر تاخیر کیوں ؟

   

اندرون آٹھ دن عدم تحقیقات پر بھوک ہڑتال کا انتباہ، کریم نگر میں کانگریس اقلیتی قائد محمد عبدالصمد نواب کی پریس کانفرنس

کریم نگر۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی آرگنائزنگ سکریٹری و سینئر کانگریس اقلیتی قائد محمد عبدالصمد نواب نے آج دفتر ضلع کانگریس کریم نگر پر پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت بدعنوان وزیر کے خلاف کارروائی کرنے میں کوتاہی کیوں کررہی ہے، واضح رہے کہ ریاستی وزیر بی سی ویلفیر گنگولا کملاکر نے کریم نگر کے کوتہ پلی منڈل کے قاضی پور میں واقع 15 ایکر وقف اراضی پر قابض ہونے کی شکایت پر وقف چیف ایگزیکیٹو آفیسر و ضلع کلکٹر کی جانب سے انکوائری کروانے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن گذشتہ سال سے تاحال کسی بھی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی جبکہ سابق ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر پر سرکاری اراضیات پر غیر قانونی قبضہ اور اپنے نام پر پٹہ کروانے کے الزام میں ایک ہی رات میں انکوائری کرواکر وزارت سے برطرف کرنے کا اعزاز کے سی آر رکھتے ہیں۔ عبدالصمد نواب نے چیف منسٹر کے سی آر سے سوال کیا کہ کیوں اس وزیر کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کررہے ہیں، کیوں انہیں وزارت سے برطرف نہیں کررہے ہیں، اس ضمن میں قانون ساز کونسل میں ایم ایل سی و سابق وزیر ٹی جیون ریڈی کی جانب سے شکایت و سوال پر اس اجلاس میں سی بی سی آئی ڈی کے ذریعہ انکوائری کروانے کا تیقن بھی حکومت کی جانب سے دیا گیا تھا۔ ریاستی حکومت آخر کب فیصلہ لے گی۔ محمد عبدالصمد نواب ریاستی آرگنائزنگ سکریٹری نے اعلان کیا کہ اگر 8 دنوں کے اندر اس ضمن میں انکوائری نہیں کروائی گئی تو ضلع کریم نگر کے تمام کانگریس اقلیتی قائدین زنجیری بھوک ہڑتال کیلئے بیٹھیں گے۔ اس پریس کانفرنس میں کانگریس اقلیتی قائدین محمد تاج، عبدالرحمن، سید عقیل، محمد عرفان ، نہال احمد، فیروز خاں، شبانہ محمد، شہنشاہ، عظمت اور دیگر موجود تھے۔