غیر ملکی افواج کے تخلیہ سے قبل جنگ بندی ناممکن

   

امریکہ ۔ طالبان مذاکرات تعطل کا شکار، طالبان کے نمائندے ہبت اللہ کا بیان
دوحہ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) طالبان کے سربراہ ہیبت اللہ اخونزادہ نے کہا ہیکہ طالبان اس وقت تک جنگ بندی نہیں کریں گے، جب تک افغانستان سے تمام غیر ملکی افواج نکل نہیں جاتیں۔ہیبت اللہ نے عید الفظر سے پہلے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’’مذاکرات میں پیش رفت کیلئے، امریکہ ہماری منطقی تجاویز قبول کرے‘‘۔ ہیبت اللہ کے اس اصرار پر کہ جب تک غیر ملکی افواج افغانستان میں موجود ہیں تب تک نہ لڑائی بند ہو گی اور نہ ہی افغان حکومت کے ساتھ کوئی مذاکرات ہونگے، امریکہ اور طالبان کے درمیان جاری مذاکرات بظاہر تعطل کا شکار ہو چکے ہیں۔ اپنے خطاب میں ہیبت اللہ نے کہا کہ ’’طالبان اپنی پر امن پالیسی کے تحت امریکہ کو دعوت دیتا ہے کہ وہ دلیل اور مفاہمت کی پالیسی اپناتے ہوئے، مذاکرات میں ایک مخلصانہ شراکت دار رہے اور مذاکراتی عمل میں طالبان کی منطقی تجاویز کو تسلیم کرے‘‘۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کیلئے امریکہ کے خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد کی قیادت میں مذاکرات کاروں کی ٹیم، طالبان کے ساتھ ایک ابتدائی مجوزہ سمجھوتے پر پہنچی ہے، جس کے تحت یہ طے پایا ہے کہ غیر ملکی افواج کب اور کیسے انخلا کریں گی، جس کے عوض طالبان یہ یقین دہانیاں کرائیں گے کہ کیسے غیر ملکی دہشت گرد، افغان سرزمین سے غیر ممالک میں حملے بند کریں گے۔ خلیل زاد کا کہنا ہے کہ حتمی معاہدے میں نہ صرف غیر ملکی افواج کے انخلا کا ٹائم ٹیبل شامل ہوگا، بلکہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی اور افغان حکومت سمیت افغان معاشرے سے عشروں سے جاری جنگ کیایک پائیدار سیاسی حل کیلئے مذاکرات کرنا بھی شامل ہونگے۔ تاہم، ہیبت اللہ نے اپنے پیغام میں امریکہ اور افغان عہدیداروں کی جانب سے جنگ کے مطالبے پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’کسی کو طالبان سے جہاد ختم کرنے کی توقع نہیں رکھنی چاہیے اور نہ ہی یہ کہ وہ گزشتہ چالیس سال سے اپنے مقاصد کے حصول کیلئے دی جانے والی قربانیوں کو بھول جائیں گے‘‘۔ افغان امن عمل کے لیے امریکہ کے نمائندے خصوصی زلمے خلیل زاد نے طالبان رہنما کے عیدالفطر کے پیغام کو امن عمل کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔ اپنی ٹویٹ میں زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ طالبان رہنما نے اپنے پیغام میں افغان حکام سے مذاکرات کا بھی عندیہ دیا ہے جو خوش آئند ہے۔