غیر موسمی بارش سے فصلوں کو نقصان ‘کسان پریشان

   

حکومت فی ایکر 10 ہزار روپئے معاوضہ فوری ادا کرے : ہریش راؤ
حیدرآباد 19 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس رکن اسمبلی و سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے غیر موسمی بارش ، تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فی ایکڑ 10 ہزار روپئے کا معاوضہ کسانوں کو ادا کرے ۔ ہریش راؤ نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مختلف اضلاع عادل آباد ، نظام آباد ، کاماریڈی ، کریم نگر ، راجنا سرسلہ ، میدک ، سدی پیٹ ، رنگاریڈی وغیرہ میں غیر موسمی بارش سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہونچا ۔ بالخصوص تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے ہزاروں ایکڑ اراضی پر فصلوںکو نقصان پہونچا ہے جس سے کسان بہت پریشان ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ گذشتہ دو تین دن سے بارش ہورہی ہے مگر حکومت نے ابھی تک کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے ۔ فوری فی ایکڑ 10 ہزار روپئے معاوضہ کسانوں کو دینے کا مطالبہ کیا ۔ مصیبت کے وقت کسانوں کا ساتھ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ بالخصوص ، دھان ، مکئی ، جوار ، آم اور ہارٹیکلچر فصلوں کو بہت نقصان ہوا ہے ۔ ماضی میں غیر معموسی بارش سے کسانوں کو نقصان پر اس وقت کے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے خود متاثرہ فصلوں کا معائنہ کیا ۔ کسانوں سے ملاقات کرکے انہیں تسلی دی اور فی ایکڑ اراضی 10 ہزار معاوضہ کا اعلان کیا تھا ۔ تین دن سے بارش ہورہی ہے اس پر توجہ دینے کی بجائے چیف منسٹر ریونت ریڈی سیاست کر رہے ہیں اور کسانوں کے مفادات کو نظر انداز کررہے ہیں ۔۔ 2