فائنل ڈرا ہوجائے تو کیا ہوگا؟

   

نئی دہلی : اس وقت کرکٹ شائقین کی تمام تر نظریں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان برطانیہ میں کھیلے جانے والے ورلڈ ٹسٹ چمپین شپ کے فائنل پر مرکوز ہیں جہاں ٹسٹ کی سب سے بہترین ٹیم کا اعزاز ہندوستان یا نیوزی لینڈ حاصل کریں گے لیکن یہ سوال کروڑہا کرکٹ شائقین کے ذہنوں میں گشت کر رہا ہے کہ اگر ٹسٹ ڈرا ہوتا ہے یا پھر ٹائی ہوتا ہے ، نیز اس کے علاوہ اس سے بھی زیادہ برا اگر مقابلہ بارش سے متاثر ہوگیا تو نتیجہ کیا ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑی ان سوالوں کا جواب حاصل کرنے کیلئے بے تاب ہے ، اس کے علاوہ کھلاڑیوں کے ذہن میں کئی ایک سوالات موجود ہیں جن میں خاص کر فائنل کے لئے دستیاب وکٹ اور ماحول سرفہرست ہے۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹسٹ چمپین شپ کا فائنل ساوتھمٹن میں 18 تا 22 جون کو کھیلا جائے گا ۔ امید کی جارہی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) فائنل کے قواعد کی تفصیلات جاری کرے گی ۔ بی سی سی آئی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ چونکہ یہ باہمی سیریز نہیں ہے بلکہ ٹسٹ سیریز کا فائنل ہے ، لہذا ہمیں کھیل کے قواعد کو معلوم کرنا ضروری ہے اور ہمیس اس سے متعلق تین بنیادی نکات کا علم ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اگر مقابلہ ڈرا یا ٹائی کے علاوہ بارش کی وجہ سے متاثر ہوتا ہے اور دونوں ہی ٹیمیں اپنی پہلی اننگز مکمل نہیں کرپاتی ہیں تو پھر نتیجہ کیا ہوگا ۔ علاوہ ازیں آئی سی سی آئندہ چند دنوں میں ان سوالات کے جوابات کے لئے بائنل کے قواعد کا اعلان کرے گی ۔ ہم اس اعلان کی قطعی تاریخ کے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن اتنا مانتے ہیں کہ آئی سی سی جلد ہی یہ تفصیلات جاری کرے گی ۔