فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں اینٹی کرپشن بیورو سے ہائی کورٹ کی وضاحت طلبی

   

حیدرآباد۔/2اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس کے لکشمن نے اینٹی کرپشن بیورو کو ہدایت دی ہے کہ وہ فارمولہ ای ریسنگ مقدمہ میں جوابی حلفنامہ داخل کرے۔ اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے فارمولہ ای ریس معاملہ کی تحقیقات کی جارہی ہے جس میں سابق وزیر کے ٹی راما راؤ کو ملزم بنایا گیا ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے عدالت میں درخواست پیش کرتے ہوئے پولیس کی جانچ کے دوران وکیل کی موجودگی کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔ اینٹی کرپشن بیورو نے سابق میں کے ٹی راما راؤ کا بیان ریکارڈ کیا ہے اور تحقیقات کے موقع پر کے ٹی آر کے وکیل موجود تھے جنہیں متصل کمرہ میں بیٹھنے کی اجازت دی گئی۔ کے ٹی آر کے وکیل پربھاکر راؤ نے کہا کہ فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں اینٹی کرپشن بیورو تحقیقات کے سلسلہ میں کے ٹی آر کو دوبارہ طلب کرسکتی ہے اور تحقیقات کے موقع پر وکیل کو ساتھ رہنے کی اجازت دی جائے۔ اینٹی کرپشن بیورو کے وکیل بال موہن ریڈی نے کہا کہ 15 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے جاچکے ہیں اور بعض بیرونی اداروں سے ضروری دستاویزات کا انتظار ہے۔ ہائی کورٹ نے کے ٹی آر کی درخواست پر اینٹی کرپشن بیورو سے وضاحت طلب کرتے ہوئے حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔1