فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں کے ٹی آر کو کلین چٹ نہیں دی: ناگیندر

   

بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام، حکومت حیڈرا پر نظر ثانی کرے
حیدرآباد۔/12 جنوری، ( سیاست نیوز) رکن اسمبلی خیریت آباد ڈی ناگیندر نے وضاحت کی ہے کہ انہوں نے فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں کے ٹی آر کو کلین چٹ نہیں دیا ہے۔ میڈیا میں ان کے حوالہ سے شائع شدہ خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے ناگیندر نے کہا کہ انہوں نے یہ نہیں کہا کہ فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں بدعنوانیاں نہیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای ریسنگ سے حیدرآباد کی امیج میں اضافہ کی بات کہی تھی۔ ناگیندر نے کہا کہ فارمولہ ای ریسنگ معاملہ عدالت میں ہے لہذا اس بارے میں وہ کچھ کہنا نہیں چاہتے۔ میں نے کے ٹی آر کو اس معاملہ میں کلین سرٹیفکیٹ نہیں دیا ہے۔ میڈیا کے بعض گوشے میرے بیان کو توڑمروڑ کر پیش کررہے ہیں۔ ناگیندر نے کہا کہ وہ کچھ بھی کہیں اس کی غلط انداز میں تشہیر کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسی ندی کے تحفظ اور اسے خوبصورت بنانے کی ضرورت ہے۔ بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت میں سرکاری خزانہ خالی ہوچکا ہے باوجود اس کے کانگریس حکومت نے ہر وعدہ کی تکمیل کی ہے۔ حیڈرا اور موسی ریور پراجکٹ کو بی جے پی سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے۔ جھوٹی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بی جے پی قائدین نے ایک رات موسی ندی کے علاقہ میں شب بسری کی لیکن ان کے قیام کیلئے ایر کولرس کا اہتمام کیا گیا تھا۔ کشن ریڈی کیلئے گھر کی طرح انتظامات کئے گئے تھے۔ بی جے پی قائدین کو عوام سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔ حیڈرا کے بارے میں ان کے انٹرویو کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ حیڈرا کے مسئلہ پر حکومت کو نظر ثانی کرنی چاہیئے اور اس مسئلہ پر ان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔1